موبائل فون کے فوائد و نقصانات ایک متوازن تجزیہ

کتبہ: محمد توقیر رضا اشرفی (التعلم :الجامعة الجلالية العالية الاشرفيه مخدوم اشرف مشن پنڈوہ شریف) موبائل فون کے فوائد و نقصانات زمانہ ایک تیز رفتار گھوڑے پر سوار ہے، اور انسان اس کی پشت پر جھولتا ہوا جدیدیت کے میدان میں دوڑتا جا رہا ہے۔ اس دوڑ میں ایک ایسی شے اس کے ہاتھ آ چکی ہے، جس نے نہ صرف فاصلوں کو سمیٹ دیا بلکہ دنیا کو اس کی ہتھیلی میں لا رکھا ہے؛ وہ شے "موبائل فون" ہے۔ بظاہر یہ ایک چھوٹا سا آلہ ہے، مگر اس کے اندر دنیا جہاں کی وسعتیں اور گہرائیاں سمٹ آئی ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ یہ چھوٹا سا آلہ صرف راحت و آسانی کا ذریعہ ہے، یا یہ ذہن و روح کی زنجیر بھی بن چکا ہے؟ موبائل فون کے فوائد 1. رابطے کا انقلاب: ماضی میں، جب کسی پیغام کو پہنچانے کے لیے ہفتے درکار ہوتے تھے، آج موبائل نے وہ پیغام لمحوں میں پہنچا دیا۔ جہاں بھی کوئی عزیز، دوست یا متعلق شخص ہو، صرف ایک کال یا پیغام کے ذریعے اُس سے رابطہ قائم کرنا ممکن ہو چکا ہے۔ موبائل نے انسانی رشتوں کو ٹوٹنے سے بچایا، مسافتوں کو محبت میں بدلا، اور اکیلے انسان کو اپنی آواز کے ذریعہ دنیا سے جوڑ دیا۔ 2. علم کی وسعتوں تک رسائی: اس آلے نے ع...